لاڑکانہ (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے شعبہ صحت کی کارکردگی کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیرپور گمبٹ میں ملنے والی طبی سہولیات کا مقابلہ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد کے بڑے ہسپتال بھی نہیں کر سکتے۔ لاڑکانہ میں بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں ہمارا مقابلہ کسی صوبے سے نہیں بلکہ دنیا سے ہے، کیونکہ ہم نے سندھ میں عالمی معیار کا طبی ڈھانچہ کھڑا کر دیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے تقریب کے دوران فارغ التحصیل طلبہ میں اسناد تقسیم کیں اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنے صوبے کے مختلف علاقوں میں بلاتفریق انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے صحت کے نظام میں بہتری کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور آج سندھ کے عوام کو ان کی دہلیز پر وہ سہولیات میسر ہیں جو باقی ملک کے لیے ایک مثال بن چکی ہیں۔ انہوں نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں اخلاقی اقدار کو مقدم رکھیں اور غریب عوام کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ کانووکیشن میں یونیورسٹی کے اساتذہ، والدین اور سیاسی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جہاں تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔