نیودہلی (کیو این این ورلڈ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے بڑے مقابلے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچ کے نتائج اور ہینڈ شیک کے لیے ابھی 24 گھنٹے کا انتظار کریں، کل میدان میں دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔ نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ ہم اس میچ کی تیاری اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق کر رہے ہیں اور ہماری پوری کوشش ہوگی کہ میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاک بھارت میچ کا ایک خاص پریشر ہوتا ہے لیکن کامیابی کے لیے اعصاب پر قابو پا کر اچھی کرکٹ کھیلنا ضروری ہے، ہم یہاں صرف اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں اور اسی پر ہماری توجہ مرکوز ہے۔

سوریا کمار یادیو نے پاکستانی ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایشیا کپ میں بہترین کھیل پیش کیا اور یہاں بھی وہ اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی اسپنرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حریف ٹیم کے اسپنرز اس وقت اچھی فارم میں ہیں، تاہم ہم نے ان کا مقابلہ کرنے کے لیے باقاعدہ پلاننگ کر رکھی ہے۔ عثمان طارق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بھارتی کپتان نے کہا کہ وہ ایک مختلف طرز کے کرکٹر ہیں لیکن ہم ان کے سامنے ہتھیار نہیں ڈال سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک گیم ہے اور ایسا نہیں ہے کہ ہم کم کھیلتے ہیں، بلکہ ہمارا مقصد اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا ہے۔

بھارتی کپتان نے مزید کہا کہ پاک بھارت ٹاکرا ہمیشہ سے شائقین کے لیے ہیجان خیز ہوتا ہے، لیکن کھلاڑیوں کے طور پر ہمارا کام اپنی حکمت عملی پر عمل کرنا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کل کا میچ شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔ بھارتی ٹیم اس وقت ہائی وولٹیج مقابلے کے لیے پرعزم دکھائی دے رہی ہے اور کپتان کے مطابق وہ کسی بھی قسم کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دوسری جانب کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ سوریا کمار کا بیان ان کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، تاہم کل کا نتیجہ دونوں ٹیموں کے اعصاب کے امتحان کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے