ڈیرہ غازیخان (کیو این این ورلڈ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازیخان سردار صادق خان بلوچ نے ایک بیان میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے من گھڑت اور بے بنیاد مواد کے حوالے سے اپنا واضح اور دوٹوک مؤقف پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق ایک معزز بلوچ خاندان سے ہے جہاں خواتین کی عزت و احترام کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی ہے، اور ایک حساس و ذمہ دار سرکاری عہدے پر فائز ہونے کے ناطے ان کی بنیادی ذمہ داریاں عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی ہیں۔ ڈی پی او سردار صادق خان بلوچ نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ سوشل میڈیا پر "عائشہ” نامی آئی ڈی سے مسلسل جھوٹ پر مبنی اور گمراہ کن ویڈیوز اپلوڈ کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد ان کی ذاتی، خاندانی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ ان کے خلاف پھیلایا جانے والا تمام مواد بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔

انہوں نے حقائق کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جون 2023 سے جون 2024 تک اپنی دوسری اہلیہ کے ساتھ ازدواجی رشتے میں منسلک رہے، تاہم باہمی اختلافات کے باعث جون 2024 میں باقاعدہ طور پر طلاق ہو گئی۔ اس شادی سے ان کا ایک بیٹا ہے، جس کی کفالت اور پرورش وہ پوری دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ان کی شادی اور طلاق سے متعلق تمام حقائق ان کے سینئر افسران اور قریبی ساتھیوں کے علم میں پہلے ہی موجود تھے۔ ڈی پی او نے بتایا کہ اس معاملے پر قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں باضابطہ درخواست دائر کی گئی، جس پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی اور انکوائری اپنے منطقی انجام تک پہنچ چکی ہے، جس میں ان کے خلاف عائد کیے گئے الزامات ثابت نہیں ہو سکے۔

سردار صادق خان بلوچ نے مزید کہا کہ اس معاملے میں عدالتوں سے بھی رجوع کیا گیا، جہاں انصاف کے تقاضوں کے مطابق ان الزامات کو درست قرار نہیں دیا گیا، انہوں نے اس موقع پر قانون، عدالتی نظام اور ریاستی اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ آخر میں، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ، جھوٹی اور گمراہ کن معلومات پر یقین کرنے کے بجائے حقائق اور ذمہ دارانہ صحافت کو ترجیح دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ ضلع میں امن و امان کے قیام، عوامی خدمت اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی پر مرکوز رکھے ہوئے ہیں اور اس طرح کے منفی پروپیگنڈے سے ان کے فرائض کی انجام دہی متاثر نہیں ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے