بہار: وزیراعلیٰ نتیش کمار کی تقریب میں مسلمان خاتون کے حجاب کھینچنے کی ویڈیو وائرل
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورِ حکومت میں مسلمان خواتین کے مذہبی لباس سے متعلق پابندیوں اور تعصب کے خدشات میں ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔ بھارتی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں ایک سرکاری تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نتیش کمار نے مبینہ طور پر ایک مسلمان خاتون کا نقاب کھینچ دیا، جس پر شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ آیوش کی جانب سے آیوش ڈاکٹروں میں تقرر نامے تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی تھی، جس میں وزیراعلیٰ نتیش کمار ڈاکٹروں کو تقرر نامے دے رہے تھے۔ اسی دوران جب مسلمان خاتون ڈاکٹر نصرت پروین، جو مکمل برقعہ اور نقاب میں ملبوس تھیں، تقرر نامہ وصول کرنے آئیں تو وزیراعلیٰ نے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا اور ان کا نقاب ہٹا دیا۔ واقعے کے وقت نائب وزیراعلیٰ سمراٹ چوہدری نے انہیں روکنے کی کوشش بھی کی۔
Indian Chief Minister Nitish Kumar forcibly pulls down the veil of a Muslim woman doctor while handing out appointment letter in a ceremony.

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں اور اپوزیشن جماعتوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتا دل نے نتیش کمار پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان کی ذہنی حالت پر سوال اٹھایا، جبکہ کانگریس نے اس عمل کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب ریاست کا اعلیٰ عہدیدار خود خواتین کے وقار کو پامال کرے تو صوبے میں خواتین کے تحفظ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ کانگریس نے نتیش کمار سے فوری استعفے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔