اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) ازبکستان کے صدر شوکت مرزیا یوف اپنے دو روزہ اہم سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق ازبک صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا، جس میں کابینہ کے اراکین اور ممتاز کاروباری شخصیات شامل ہیں۔ دورے کے دوران ازبک صدر کی صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں طے ہیں، جبکہ وزیراعظم ہاؤس میں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جن میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران تجارت، توانائی، دفاعی تعاون اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پاک-ازبک مذاکرات میں تعلیم، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط کو مزید گہرا کرنے کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت متوقع ہے۔ ازبک صدر اپنے قیام کے دوران ‘پاکستان-ازبکستان بزنس فورم’ سے بھی خطاب کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے تجارتی حجم میں اضافے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس فورم کا مقصد دونوں ممالک کی تاجر برادری کو ایک دوسرے کے قریب لانا اور معاشی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنا ہے۔

Ministry of Foreign Affairs – Pakistan

واضح رہے کہ صدر شوکت مرزیا یوف کا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے بڑھتے ہوئے برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ اس دورے کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کی کئی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں، جس سے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ پاکستان کے روابط کو مزید استحکام ملے گا۔ سیاسی مبصرین اس دورے کو علاقائی استحکام اور اقتصادی یکجہتی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے