بنگلہ دیشی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شریف عثمان ہادی پر قاتلانہ حملہ کرنے والا مرکزی ملزم فیصل کریم مسعود اور اس کا ساتھی عالمگیر شیخ حملے کے فوراً بعد بھارت فرار ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان جمعے کے روز میمن سنگھ کے علاقے ہلوآ گھاٹ کے راستے سرحد عبور کر کے بھارت داخل ہوئے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے دن ملزمان میرپور سے غازی پور گئے اور بعد ازاں مختلف گاڑیاں تبدیل کرتے ہوئے سرحدی علاقے تک پہنچے۔
پولیس نے سرحد پار کرانے میں مدد دینے کے شبہے میں دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے ڈھاکا میں بھارتی ہائی کمشنر پرنئے ورما کو طلب کر کے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ملزمان بھارتی حدود میں موجود ہوں تو انہیں گرفتار کر کے بنگلہ دیش کے حوالے کیا جائے۔