اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں تمام موبائل سمز کی صارف کے اپنے نام پر رجسٹریشن کو لازمی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی دوسرے شخص کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال قانون کی سنگین خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔ پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ہدایت نامے میں صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ سم کے کسی بھی قسم کے غلط استعمال کی مکمل اور تمام تر ذمہ داری صرف اسی صارف پر عائد ہوگی جس کے نام پر وہ سم رجسٹرڈ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام کنکشنز اور سمز کا ذمہ دارانہ استعمال ہر شہری کا فرض ہے، اور اپنی سم یا ڈیوائس سے کی جانے والی تمام کالز، پیغامات اور ڈیٹا کے استعمال کے لیے صارف خود انفرادی طور پر جوابدہ ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق پی ٹی اے نے تمام صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ متعلقہ قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں، بصورتِ دیگر خلاف ورزی پائے جانے پر سخت قانونی اور تعزیری کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ یہ اقدام مواصلاتی نظام کے تحفظ، استحکام اور اسے جرائم سے پاک رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ کسی کی شناخت کا ناجائز استعمال نہ کیا جا سکے۔ پی ٹی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سمز کی تعداد چیک کریں اور اگر کوئی ایسی سم ان کے نام پر موجود ہے جو وہ استعمال نہیں کر رہے، تو اسے فوری طور پر متعلقہ کمپنی کے دفتر سے بلاک کروائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ قانونی پیچیدگی یا غلط استعمال سے بچا جا سکے۔