ماسکو/کیف (کیو این این ورلڈ) روس نے گزشتہ شب یوکرین کے مختلف شہروں پر میزائلوں اور ڈرونز سے بڑا حملہ کیا ہے جس میں جدید ترین اوریشنک (Oreshnik) بیلسٹک میزائل بھی استعمال کیا گیا۔ یوکرینی حکام کے مطابق جمعرات کی شب دارالحکومت کیف سمیت کئی شہر زور دار دھماکوں سے گونجتے رہے، ان حملوں کے نتیجے میں اب تک کم از کم 4 افراد کی ہلاکت اور 25 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ روس کی وزارتِ دفاع نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ دسمبر کے آخر میں یوکرینی ڈرون کی جانب سے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کا بھرپور جواب ہے۔

روسی حکام نے اوریشنک میزائل کے مخصوص ہدف کی وضاحت نہیں کی، تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں پولینڈ کی سرحد سے محض 60 کلومیٹر دور مغربی شہر لویو کے مضافات میں شدید دھماکے دیکھے جا سکتے ہیں۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بھی تصدیق کی ہے کہ لویو میں اہم تنصیبات کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ نومبر 2024 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب روس نے اوریشنک میزائل کا استعمال کیا ہے۔ اوریشنک ایک درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا ہائپرسونک میزائل ہے جو ساڑھے 5 ہزار کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کا وارہیڈ آخری مرحلے میں کئی حصوں میں تقسیم ہو کر مختلف اہداف پر گرتا ہے۔ یوکرینی وزیرِ خارجہ نے یورپی یونین اور نیٹو کی سرحد کے قریب اس حملے کو پورے براعظم کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے