اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) دیپالپور صدر بازار کی اپ گریڈیشن اور اسے جدید سہولیات سے مزین کرنے کے بعد ماڈل لیڈیز بازار کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ایم پی اے ملک علی عباس کھوکر نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل ہونے والے اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ، صدر انجمن تاجران شیخ سلیم اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جدید برقی قمقموں اور دیدہ زیب سائن بورڈز کی تنصیب سے ماڈل لیڈیز بازار کی دلکشی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، جبکہ بازار میں شیڈز لگانے سے بجلی کی لٹکتی تاروں، بارش اور آندھی سے بچاؤ ممکن ہو سکے گا۔ انجمن تاجران اور بازار انتظامیہ نے بازار کی رعنائیاں بحال کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے شہر کی خوبصورتی کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ بازار دیپالپور کی خواتین کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک خوبصورت تحفہ ہے، جہاں انہیں پرامن اور پرسکون ماحول میں خریداری کی سہولت میسر آئے گی۔ ایم پی اے ملک علی عباس کھوکر نے عزم ظاہر کیا کہ عوامی خدمت اور علاقائی تعمیر و ترقی کا یہ سلسلہ تسلسل سے جاری رہے گا اور شہریوں کی سہولت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔