اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارحبیب خان) بیٹ معزز دین موضع میں پیش آنے والے دلخراش ٹریفک حادثے نے پورے علاقے کو غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا ہے جہاں ایک تیز رفتار اور بے قابو ٹریکٹر ٹرالی اسکول جانے والی معصوم طالبات پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں الہادی پبلک اسکول کی دو کمسن بہنیں 11 سالہ ثوبیہ اور 4 سالہ عظمیٰ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ ایک اور بچی شدید زخمی ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچیاں روزانہ کی طرح اسکول جا رہی تھیں کہ اچانک موت کی رفتار سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی نے انہیں کچل ڈالا، جس کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور والدین پر غشی کے دورے پڑنے لگے۔ اس لرزہ خیز واقعے کے بعد ہر آنکھ اشکبار ہے اور پورے علاقے میں سوگ کی فضا برقرار ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کی سنگین غفلت اور انتہائی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، مقامی افراد کے مطابق اسکول کے اوقات میں بچوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود بھاری گاڑیوں کو لاپرواہی سے چلایا جاتا ہے جس نے آج ایک ہنستے بستے خاندان کو ناقابلِ تلافی صدمے سے دوچار کر دیا۔ واقعے کے بعد اہل علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غفلت کے مرتکب ڈرائیور کو فوری گرفتار کر کے نشانِ عبرت بنایا جائے اور اسکول کے راستوں پر بھاری ٹریفک کی رفتار کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے