اوچ شریف(نامہ نگارحبیب خان) موسمِ سرما کی پہلی برسات سے سردی کی شدت میں اضافہ، فضا خوشگوار ہو گئی

اوچ شریف شہر اور گردونواح میں موسمِ سرما کی پہلی بارش نے دستک دے دی ہے جس کے نتیجے میں طویل خشک سالی کا خاتمہ اور سردی کی شدت میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہلکی اور درمیانی بارش کے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے فضائی آلودگی اور گرد و غبار کو چھانٹ کر ماحول کو انتہائی خوشگوار بنا دیا ہے، جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ بارش کے بعد درجہ حرارت گرنے سے شہریوں نے گرم ملبوسات اور سردیوں کی روایتی غذاؤں کا استعمال شروع کر دیا ہے، جبکہ دوسری جانب سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی رفتار سست رہی۔

زرعی ماہرین اور کاشتکاروں نے اس بارش کو گندم کی فصل اور سبزیات کے لیے "آبِ حیات” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے زمین کی نمی میں اضافہ ہوگا اور پیداوار پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ حالیہ برسات کے بعد آنے والے چند دنوں میں خنکی اور سردی کی لہر میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بارش سے نہ صرف دھول مٹی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں کمی آئے گی بلکہ طویل انتظار کے بعد موسم کی اس تبدیلی نے مناظر کو بھی دلکش بنا دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے