اوچ شریف(نامہ نگارحبیب خان) بلدیاتی غفلت پر اسسٹنٹ کمشنر کا کڑا ایکشن، میونسپل افسران کو سخت وارننگ
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف میں بدانتظامی، بڑھتی ہوئی تجاوزات اور سڑکوں پر پڑے تعمیراتی ملبے کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر نے میونسپل کمیٹی کے افسران کی شدید سرزنش کی ہے اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف فوری تادیبی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کے ہنگامی معائنے کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر ریت، اینٹوں اور ملبے کے ڈھیر دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی افسر یا ملازم کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے میونسپل انتظامیہ کو دو ٹوک الفاظ میں حکم دیا ہے کہ تمام رکاوٹیں فی الفور ہٹا کر راستے بحال کیے جائیں اور ذمہ داران کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف سخت قانونی و محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے میونسپل کمیٹی کے عملے کو حتمی انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے اور عوامی سہولیات کی بحالی میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا ملی بھگت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، بلکہ سرکاری فنڈز کی شفافیت اور بروقت استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ دوسری جانب عوامی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر کے اس سخت موقف کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان احکامات پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو روزمرہ کے حادثات اور اذیت سے نجات مل سکے۔ شہریوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر بدانتظامی کی یہی صورتحال برقرار رہی تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی تمام تر ذمہ داری میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔