اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) کیو این اے میں شائع خبر کے بعد ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے خیر پور ڈاھا میں آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے خطرے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے فوری اور مؤثر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر متعلقہ محکموں نے علاقے میں آوارہ کتوں کی تلفی اور کنٹرول کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ، میونسپل کمیٹی اور ویسٹ مینجمنٹ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور آوارہ کتوں کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ اس سلسلے میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو صبح و شام مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔
سید حسن رضا نے واضح کیا کہ بچوں اور بزرگوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ متاثرہ علاقوں میں مسلسل مانیٹرنگ اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں
اوچ شریف: خیر پور ڈاھا میں آوارہ کتوں کا راج،کتے کے کاٹنے سے ایک بچہ زخمی
علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ کے فوری اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی نشاندہی اور انتظامیہ کی فوری کارروائی سے عوام کو سکھ کا سانس ملا ہے۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آوارہ کتوں کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جائے گا تاکہ کسی معصوم کی جان کو خطرہ لاحق نہ ہو۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کی تلفی کے ساتھ ساتھ صفائی، کچرے کی بروقت منتقلی اور مستقل کنٹرول پلان پر بھی کام جاری ہے تاکہ یہ مسئلہ دیرپا حل کیا جا سکے۔