اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارحبیب خان) تاریخی شہر اوچ شریف کے علاقے بکھری چوک، بستی مقبول آرائیں میں گزشتہ شب ایک 28 سالہ نوجوان کی پراسرار ہلاکت کے واقعے نے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بستی شمیم آباد کے رہائشی شعیب ولد عبدالحمید کی لاش سڑک کنارے پڑی ملی جس کے سر کے پچھلے حصے میں گولی لگی ہوئی تھی۔ ریسکیو کنٹرول روم کو اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں، تاہم گولی سر کے پچھلے حصے میں لگنے کے باعث نوجوان کی موت موقع پر ہی واقع ہو چکی تھی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی معائنے کے دوران جائے وقوعہ سے ہاتھا پائی یا مزاحمت کے کوئی واضح شواہد نہیں ملے، جس کی وجہ سے معاملہ پراسرار صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ واقعے کی سنگینی کے پیشِ نظر فرانزک ماہرین کو طلب کیا گیا جنہوں نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے تھانہ اوچ شریف کے سب انسپکٹر فیاض شاہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ قتل کی واردات ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور محرکات کارفرما ہیں۔