اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف انٹرچینج کے قریب موٹروے پر پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں 14 ویلر ٹرالر کا ڈرائیور جاں بحق ہو گیا، جبکہ ایک اور حادثے میں ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کی جان بچا لی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کولڈ ڈرنکس کی خالی بوتلوں سے بھرا ٹرالر میانوالی سے کراچی جا رہا تھا کہ دورانِ سفر ڈرائیور کو نیند آ گئی، جس کے باعث ٹرالر بے قابو ہو کر موٹروے سے نیچے جا گرا۔ حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور کو سر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کی شناخت عبدالمجید ولد ظفر شاہ، عمر 32 سال، سکنہ میانوالی کے نام سے ہوئی ہے۔ ڈرائیور ٹرالر کیبن میں پھنس گیا تھا جسے موٹروے پولیس نے ریسکیو ٹیم کی آمد سے قبل نکال لیا، بعد ازاں ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی مکمل کرتے ہوئے لاش کو رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف منتقل کر دیا۔ حادثے کے باعث موٹروے پر کچھ دیر ٹریفک متاثر رہی، تاہم پولیس نے صورتحال پر قابو پا کر ٹریفک بحال کر دی۔

دوسری جانب کوٹ خلیفہ، ترنڈا محمد پناہ، کے ایل پی روڈ پر پولٹری فارم میں استعمال ہونے والے بھوسے سے بھری ٹریکٹر ٹرالی دورانِ سفر ٹائر پھٹنے کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے میں ٹرالی پر سوار ایک شخص بھوسے کے نیچے دب گیا جس سے موقع پر افرا تفری مچ گئی۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھوسے کے نیچے دبے شخص کو بحفاظت نکال لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ شخص ہوش میں ہے، جسے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کیا جا رہا ہے۔

حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، تاہم ریسکیو ٹیم کی مؤثر کارروائی سے صورتحال معمول پر آ گئی۔ شہریوں نے ریسکیو سٹاف کی پیشہ ورانہ اور فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے