اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) اڈا ظاہر پیر کے قریب ویلڈنگ کی دکان پر ٹریکٹر کی ٹینکی مرمت کرنے کے دوران اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں تین افراد جھلس گئے. زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے.
تفصیلات کے مطابق ویلڈنگ کے دوران نکلنے والا شعلہ قریب رکھے ڈیزل کے کین پر جا گرا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک آگ کی شکل اختیار کر لی. آگ نے ٹریکٹر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود 30 سالہ ندیم ولد میتھن 80 فیصد جھلس گیا. واقعے میں 56 سالہ میتھن ولد غلام سرور اور 32 سالہ گل بہار بھی 30، 30 فیصد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں.
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پایا. ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا ہے، جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے ندیم کی جان بچانے کی کوششیں جاری ہیں.
ریسکیو حکام نے اس افسوسناک واقعے کے بعد شہریوں اور دکانداروں کو سخت ہدایت کی ہے کہ ویلڈنگ یا کسی بھی قسم کے آتش گیر کام کے دوران ڈیزل، پیٹرول اور دیگر مائع اشیاء کو دور رکھا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے.