اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) شہریوں کو ملاوٹ سے پاک، معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی بہاولپور کی جانب سے ضلع بھر میں بلاامتیاز اور بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں واقع جنرل اسٹورز، کریانہ شاپس اور فوڈ پوائنٹس کی اچانک انسپکشن کرتے ہوئے سنگین خلاف ورزیوں پر سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائیوں کے دوران 69 کلوگرام ممنوعہ چائنہ نمک اور بھاری مقدار میں دیگر غیر معیاری و مضر صحت اشیاء برآمد کی گئیں، جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ ممنوعہ چائنہ نمک کی فروخت نہ صرف انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے بلکہ یہ فوڈ قوانین کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔ فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر 5 جنرل اسٹورز کو مجموعی طور پر 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جہاں ایکسپائرڈ فوڈ آئٹمز، ناقص صفائی اور غیر معیاری اسٹوریج جیسے مسائل پائے گئے تھے۔
انسپکشن کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس پر ایکسپائرڈ اشیاء کی موجودگی، کیڑے مکوڑوں کے آثار اور فوڈ ہینڈلنگ کے غیر ذمہ دارانہ طریقے سامنے آئے، جس پر متعلقہ مالکان کو بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ سخت وارننگز بھی جاری کی گئیں۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اس حوالے سے واضح کیا ہے کہ خوراک میں ملاوٹ، جعلسازی اور عوامی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور کسی کو بھی شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر معیاری یا مشتبہ خوراک کی اطلاع فوری طور پر اتھارٹی کی ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے معاشرے کو ملاوٹ مافیا سے پاک کیا جا سکے۔