اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان پہنچ گئے، جہاں ان کے شاندار اور تاریخی استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں۔
پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے یو اے ای کے صدر کے طیارے کو حصار میں لے کر فضائی سلامی پیش کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان طویل المدتی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام میں مزید فروغ متوقع ہے۔
یو اے ای کے صدر کی صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ دورے کے پیش نظر اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس بھی 26 دسمبر کو بند رہیں گی۔