ابوظہبی(کیو این این ورلڈ)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کی گئی ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت باقاعدہ طور پر قبول کر لی ہے۔ اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ فیصلہ صدر ٹرمپ کے غزہ کے لیے پیش کردہ 20 نکاتی امن منصوبے کے مکمل نفاذ اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس بورڈ کے چارٹر کے تحت رکن ممالک کی مدتِ رکنیت زیادہ سے زیادہ 3 سال ہوگی، جس کی تجدید چیئرمین کی منظوری سے مشروط ہوگی۔ اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید کا کہنا ہے کہ یہ قدم خطے میں امن اور استحکام کی کوششوں کا حصہ ہے۔
امریکا کی جانب سے عالمی رہنماؤں کو اس بورڈ کا حصہ بننے کی دعوت دی جا رہی ہے، جس میں مستقل نشست کے لیے ایک ارب ڈالر فیس مقرر کی گئی ہے۔ اگرچہ ابتدائی طور پر اس بورڈ کا مقصد غزہ کی بحالی اور انسانی ہمدردی کے امور کی نگرانی بتایا گیا تھا، تاہم اس کے چارٹر میں دائرہ کار کو صرف غزہ تک محدود نہیں رکھا گیا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ ادارہ مستقبل میں اقوامِ متحدہ کے متبادل یا حریف کے طور پر بھی ابھرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔ متحدہ عرب امارات خطے میں امریکا کا اہم ترین اتحادی ہے اور اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات رکھنے والے چند عرب ممالک میں شامل ہے، جس کی شمولیت سے اس بورڈ کی اہمیت میں اضافہ متوقع ہے۔