دبئی(ویب ڈیسک)ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل معرکے میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت کے لیے 348 رنز کا بھاری ہدف دے دیا ہے۔ دبئی میں کھیلے جا رہے اس اہم میچ میں قومی انڈر 19 ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر سمیر منہاس نے تاریخ ساز کارکردگی دکھاتے ہوئے 172 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں 17 چوکے اور 9 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ سمیر منہاس نے اپنی سنچری محض 71 گیندوں پر مکمل کی اور وہ اس وقت ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی بن چکے ہیں۔ ان کی اس جارحانہ اننگز نے بھارتی باؤلنگ لائن کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے دیگر بلے بازوں نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا، جس میں احمد حسین نے 56 رنز کی نصف سنچری اسکور کی جبکہ عثمان خان 35 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18 رنز کا تعاون پیش کیا۔ اننگز کے اختتام پر محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جس کی بدولت پاکستان ایک بڑے ٹوٹل تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔ بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جو قومی بلے بازوں نے اپنے حق میں بہترین طریقے سے استعمال کی۔
قومی ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے میچ سے قبل عزم ظاہر کیا تھا کہ ٹیم فائنل کے لیے بھرپور تیار ہے اور ٹائٹل جیتنے کے لیے آخری گیند تک فائٹ کرے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان دو بار انڈر 19 ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجا چکا ہے لیکن ایشیا کپ کا انفرادی ٹائٹل اب تک پاکستان کے نام نہیں ہو سکا ہے۔ سال 2012 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا گیا تھا، تاہم آج کے میچ میں پاکستان کے پاس پہلی بار تنہا چیمپئن بننے کا سنہری موقع موجود ہے۔ کرکٹ شائقین کی نظریں اب پاکستانی باؤلرز پر جمی ہیں کہ وہ اس بڑے ہدف کا دفاع کس طرح کرتے ہیں۔