تربت:(کیو این این ورلڈ) بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تربت میں سیکیورٹی فورسز نے اسلحہ اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحے کی بڑی کھیپ ضبط کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ایم 8 شاہراہ پر سمی ناکے کے مقام پر کی گئی، جہاں ایک مشتبہ پک اپ گاڑی کی تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں جدید اسلحہ برآمد ہوا۔
سیکیورٹی فورسز نے گاڑی کے خفیہ خانوں سے 400 عدد پستول اور 340 میگزین قبضے میں لے لیے ہیں، جبکہ کارروائی کے دوران گاڑی چلانے والے مشتبہ شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت احسن اللہ ولد میر باز خان کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق پشاور سے بتایا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس بڑی کامیابی سے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے اور ملک میں امن و امان کے قیام اور شرپسند عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے فورسز اپنے عزم پر قائم ہیں۔