امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے 6 جنوری کی تقریر کا ایڈٹ شدہ کلپ نشر کرنے پر بی بی سی کے خلاف امریکی ریاست فلوریڈا میں 5 ارب ڈالر ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ بی بی سی نے ان کی تقریر کو سیاق و سباق سے ہٹ کر نشر کیا، جس کے باعث ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔ ان کا کہنا ہے کہ ادارے نے جان بوجھ کر تقریر کے مختلف حصوں کو اس انداز میں پیش کیا جس سے غلط تاثر پیدا ہوا۔
یاد رہے کہ بی بی سی نے ایک ڈاکیومنٹری میں ٹرمپ کی تقریر کے مختلف حصوں کو جوڑ کر یہ تاثر دیا تھا کہ انہوں نے اپنے حامیوں کو کیپیٹل کی جانب مارچ اور لڑنے کی ہدایت دی۔ تاہم حقیقت میں یہ جملے تقریر کے ایسے حصوں سے لیے گئے تھے جو تقریباً ایک گھنٹے کے وقفے سے ادا کیے گئے تھے۔
بعد ازاں بی بی سی نے اس عمل کو غلط تسلیم کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ سے معذرت کر لی تھی اور اعتراف کیا تھا کہ 6 جنوری 2021 کی تقریر کے مختلف حصوں کو جوڑنے سے ایسا تاثر پیدا ہوا جیسے ٹرمپ نے براہِ راست تشدد پر اکسانے کی اپیل کی ہو۔
اس معاملے کے بعد بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹم ڈیوی اور بی بی سی نیوز کی سربراہ ڈیبورا ٹرنس اپنے عہدوں سے مستعفی ہو چکی ہیں۔