واشنگٹن)ویب ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ بائیڈن دور کی پالیسیاں دوبارہ نافذ نہیں ہوں گی اور امریکا میں غیر قانونی آمد و رفت کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تارکین وطن کو کسی بھی صورت امریکا میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ عوام نے انہیں کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا، جس کے تحت ایک سال میں وہ کامیابیاں حاصل کی گئیں جو ماضی میں ممکن نہ ہو سکیں۔ ان کے مطابق امریکا بدترین حالات سے نکل کر ایک مضبوط معیشت کی جانب گامزن ہوا، شہریوں کی تنخواہیں بڑھیں جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ہے، امریکا کے پاس دنیا کی طاقتور ترین فوج ہے اور منشیات کی اسمگلنگ کو زمینی و سمندری راستوں سے 94 فیصد تک کم کر دیا گیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ٹیرف پالیسی کے باعث معیشت کو استحکام ملا اور کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ممکن ہوئی۔
امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ انہوں نے 10 ماہ میں 8 جنگیں رکوائیں، ایران کے جوہری خطرے کو ختم کیا اور غزہ کی جنگ بند کر کے تین ہزار سال میں پہلی بار امن قائم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کی رہائی یقینی بنائی گئی اور سب کو وطن واپس لایا گیا۔
خطاب کے اختتام پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو نئی قانون سازی نہیں بلکہ ایک مضبوط اور فیصلہ کن قیادت درکار تھی، جو انہوں نے فراہم کر کے دکھا دی۔