ٹرمپ کا ایران کو 48 گھنٹے کا ایک اور الٹی میٹم، جہنم برسانے کی دھمکی

واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف اپنے جارحانہ تیور برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ٹرتھ سوشل’ پر جاری ایک سخت پیغام میں صدر ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر مقررہ وقت کے اندر معاہدہ نہ ہوا تو ایران پر ‘مکمل طور پر جہنم برسا دیں گے’۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے اور تصفیے کے لیے پہلے ہی 10 دن کی مہلت دی گئی تھی جو اب ختم ہونے کے قریب ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وقت تیزی سے نکل رہا ہے اور اب صرف 48 گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 30 مارچ کو بھی امریکی صدر نے دھمکی دی تھی کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا اور آبنائے ہرمز کو بحری آمد و رفت کے لیے نہ کھولا تو ایران کے بجلی گھروں، تیل کے کنوؤں اور ڈی سیلی نیشن پلانٹس (پانی صاف کرنے کے کارخانوں) کو نشانہ بنایا جائے گا۔ گزشتہ روز بھی انہوں نے ایران کے خلاف سخت ترین مؤقف اپناتے ہوئے سنگین نتائج کی تنبیہ کی تھی۔

خطے میں کشیدگی کا یہ نیا سلسلہ 28 فروری کو شروع ہوا تھا جب امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملوں کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور پاسدارانِ انقلاب کے اعلیٰ کمانڈرز شہید ہو گئے تھے۔ ایران نے ان حملوں کے جواب میں خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیل کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد سے صورتحال انتہائی نازک ہو چکی ہے اور عالمی سطح پر ایک بڑی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے