خانقاہ ڈوگراں(کیو این این ورلڈ)لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹروے ایم-2 ساؤتھ پر خانقاہ ڈوگراں کے قریب ایک ٹرک کے پچھلے ٹائروں میں اچانک آگ لگ گئی، تاہم موٹروے پولیس کی فوری جوابی کارروائی کے باعث کسی بڑے جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو گیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا۔ (کیو این این ورلڈ) ترجمان نے مزید بتایا کہ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فائر بریگیڈ کی آمد کا انتظار کیے بغیر خود ہی آگ پر قابو پا لیا، جس کی وجہ سے آگ ٹرک کے دیگر حصوں تک نہ پھیل سکی۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ٹرک کے پہیے جام ہونے کی وجہ سے رگڑ پیدا ہوئی جس سے ٹائروں نے آگ پکڑ لی، اس واقعے میں ٹرک کو جزوی نقصان پہنچا ہے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت مداخلت کی بدولت قیمتی جانیں اور مال محفوظ رہا، جبکہ متاثرہ ٹرک کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک کی روانی کو بحال کر دیا گیا ہے۔