میرپور ماتھیلو (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارمشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلو کے محمد پور روڈ پر یو ٹرن نہ ہونے کے باعث ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں کولاہی برادری سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب روڈ پر مناسب یو ٹرن نہ ہونے کی وجہ سے تیز رفتار گاڑی غلط موڑ کاٹتے ہوئے نوجوان سے ٹکرا گئی، حادثے کے فوری بعد زخمی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
علاقہ مکینوں نے اس موقع پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد پور روڈ پر یو ٹرن کی عدم موجودگی کی وجہ سے حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں اور متعدد بار شکایات کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے روڈ پر فوری طور پر یو ٹرن تعمیر کیے جائیں اور ٹریفک سیفٹی کے حوالے سے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔