اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان باہمی تجارت کے حجم کو سال 2029 تک 2 ارب ڈالر تک لے جانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ازبک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور بتایا کہ سابقہ فورمز کی بدولت تجارتی سرگرمیاں 45 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، تاہم اسے مزید بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ وزیراعظم نے نجی شعبوں کے درمیان 3 ارب ڈالر سے زائد کے سمجھوتوں کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ازبکستان میں پاکستانی چاول اور آلو کی بہت مانگ ہے جسے بھرپور طریقے سے پورا کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب، ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف نے باہمی سمجھوتوں پر مؤثر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ ان کے اعزاز میں ایوانِ صدر میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں انہیں ‘نشانِ پاکستان’ سے نوازا گیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے کے مطابق، پاکستان نے ازبک ٹرانزٹ کارگو کو اپنی بندرگاہوں اور سڑکوں کے استعمال کی پیشکش کی ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کے درمیان اہم ریلوے منصوبے کو بھی متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔