اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر نے سسٹین ایبل ایکشن پروگرام (SAP) کے تحت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ہائی وے کے زیرِ انتظام مختلف منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے ان منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام متعلقہ محکمے کام کی رفتار کو تیز کریں تاکہ عوام ان سہولیات سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور مٹیریل کے معیار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ جاری منصوبے جدت اور پائیداری کے آئینہ دار ہونے چاہئیں تاکہ طویل مدت تک عوامی خدمت کا ذریعہ بن سکیں۔ اجلاس کے آخر میں انہوں نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو فیلڈ میں کام کی کڑی نگرانی کرنے کا حکم دیا اور تنبیہ کی کہ غیر معیاری کام یا غفلت کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔