اسلام آباد(ویب ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ ریاستِ پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کسی قسم کی بات چیت نہیں کی جائے گی اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عملدرآمد جاری رہے گا۔

آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گرد حملے کی 11 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغامات میں صدرِ مملکت نے اے پی ایس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم معصوم بچوں اور اساتذہ کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی سخت مذمت کی جاتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ اے پی ایس پوری قوم کے لیے ایک کڑا امتحان تھا، مگر اس نے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی شہداء کے ساتھ حقیقی انصاف ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کی قربانی نے دہشت گردی کے خلاف ایک واضح اور فیصلہ کن قومی راستہ متعین کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کسی بھی نام یا نعرے کے تحت ہو، ناقابل قبول ہے اور ریاست دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے