میرپورماتھیلو(نامہ نگارمشتاق علی لغاری)گھوٹکی کی تحصیل میرپورماتھیلو کے شہر جروار کے قریبی گاؤں خدا بخش لغاری میں حالیہ موسلادھار بارش انتظامیہ کی نااہلی کے باعث مکینوں کے لیے وبال بن گئی ہے۔ بارش کا پانی کچی گلیوں اور سڑکوں پر ایک سے دو فٹ تک جمع ہونے کی وجہ سے آمدورفت کے تمام راستے مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں اور اہل علاقہ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ سردی کی شدت اور گندے پانی کے ٹھہراؤ نے جہاں بزرگوں، خواتین اور بچوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں، وہی علاقے میں وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ بھی منڈلانے لگا ہے، جس سے مکین سخت پریشانی کا شکار ہیں۔
مقامی افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایک دن بارش آجائے تو کئی روز راستے خشک نہیں ہوتے ہرطرف کیچڑ اور پھسلن کی گاؤں سے باہر نکلنا محال ہوجاتا ہے ،نکاسی آب کے لیے کوئی حکومتی اقدامات نہیں کیے گئے اور کچی سڑکیں کیچڑ کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکی ہیں،
شہریوں کا الزام ہے کہ الیکشن کے بعد منتخب نمائندے اور ضلعی انتظامیہ غائب ہیں اور بار بار کی دہائیوں کے باوجود کسی افسر نے علاقے کا رخ تک نہیں کیا۔ گاؤں کے مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر سے رابطہ کی سڑک کو فوری پختہ کیا جائے کم از کم گاؤں سے باہر نکلنے کا راستہ تو بنادیا جائے۔