راولپنڈی (کیو این این ورلڈ)ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے کیے گئے نام نہاد "آپریشن سندور” کی کالک ابھی تک اس کے منہ سے نہیں جا رہی اور دنیا نے دیکھا کہ "معرکہ حق” میں کس طرح دشمن کا منہ کالا کیا گیا۔ جی ایچ کیو میں میڈیا نمائندوں کو اہم بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گزشتہ برس مئی میں معرکہ حق اور اکتوبر میں پاک افغان سرحد پر شدید جھڑپیں ہوئیں، بھارت نے معرکہ حق میں ملنے والی ہزیمت کے بعد خطے میں دہشت گردی کو خوب ہوا دی لیکن پاک فوج نے اس کا بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2025 میں جب دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں نے سرحد پار سے شرپسندی کی کوشش کی تو سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے محض چند گھنٹوں میں درجنوں افغان پوسٹوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ہندوستان کے نام نہاد "سندور آپریشن” کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی میں بزدل دشمن نے معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا، جو کہ بین الاقوامی قوانین اور انسانیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے دوٹوک لہجے میں واضح کیا کہ ہندوستان کو یہ حق کسی نے نہیں دیا کہ وہ پاکستان کے کسی بھی شہری یا انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچائے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں دشمن کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جو تاریخ کا حصہ بن جائے گا، کیونکہ ریاست اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جانے کا عزم رکھتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے