نیویارک (کیو این این ورلڈ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے عالمی قوانین کے تحت مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے فوری حل کو عالمی امن کے لیے ناگزیر قرار دے دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں تنازعات سے بچاؤ اور ان کے پائیدار حل کے موضوع پر منعقدہ مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری کی کوششوں کے باوجود بدقسمتی سے آج تک مسئلہ فلسطین اور دیرینہ تنازعہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل نہیں نکالا جا سکا، جو کہ عالمی ادارے کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران دنیا بھر میں جاری مختلف تنازعات کا مستقل سیاسی اور سفارتی حل نکالنے کا مطالبہ کیا تاکہ انسانیت کو جنگوں کی تباہ کاریوں سے بچایا جا سکے۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے، جنہوں نے گزشتہ روز بھی سلامتی کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کیا تھا، تمام بین الاقوامی تنازعات کو پُرامن طریقے سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی امن کا داعی ہے اور تمام تنازعات کے پرامن حل پر پختہ یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی امن اور استحکام کی بنیاد صرف اسی صورت میں رکھی جا سکتی ہے جب تمام بین الاقوامی مسائل اور تنازعات کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کے عین مطابق حل کیا جائے۔ پاکستان کے اس دو ٹوک موقف کو عالمی سطح پر توجہ کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے کیونکہ کشمیر اور فلسطین کے حل طلب مسائل خطے اور دنیا کے امن کے لیے مسلسل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔