رحیم یار خان (کیو این این ورلڈ) کچے کے علاقے میں جاری گرینڈ آپریشن کے دوران پولیس کو اس وقت بڑی کامیابی حاصل ہوئی جب ایک کروڑ روپے سر کی قیمت والے انتہائی مطلوب ڈاکو میرا لٹھانی نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں میرا لٹھانی کے علاوہ فدا راٹھور لٹھانی اور زلفی لٹھانی بھی شامل ہیں، جو قتل، اغوا برائے تاوان، پولیس پر حملوں اور ڈکیتی جیسے سنگین جرائم کی درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ حکومتِ پنجاب نے میرا لٹھانی کی گرفتاری یا سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی، تاہم پولیس کے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن اور بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث خطرناک اشتہاریوں نے گرفتاری دینے میں ہی عافیت جانی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کچے کا علاقہ گزشتہ کئی دہائیوں سے جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ بنا ہوا تھا جہاں سے اغوا برائے تاوان اور پولیس پر منظم حملوں کی منصوبہ بندی کی جاتی رہی ہے۔ گزشتہ سال سے جاری سخت کارروائیوں کے باعث اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے اور ڈاکوؤں کے گھیراؤ نے انہیں کمزور کر دیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ریاست کی رٹ ہر صورت بحال رکھی جائے گی، تاہم جو جرائم پیشہ عناصر ہتھیار ڈال کر قانون کے سامنے سر تسلیم خم کریں گے انہیں دوبارہ معاشرے کا پرامن شہری بننے کا موقع دیا جائے گا۔ اس بڑی کامیابی کے بعد علاقے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہونے کی توقع ہے جبکہ باقی ماندہ گروہوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔
