اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہر شہری کی عزت، مساوات اور انصاف کا تحفظ ریاست کی بنیادی ترجیح ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا کہ مذہبِ اسلام انسانی وقار، احترامِ انسانیت اور مساوات کے اصولوں پر زور دیتا ہے جبکہ آئین پاکستان ہر شہری کو بلا امتیاز بنیادی حقوق اور آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ قائدِ اعظم نے پاکستان کو ہم آہنگی، رواداری اور وقار کی بنیاد پر قائم ریاست کے طور پر تصور کیا تھا اور حکومت انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کمزور اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ، خواتین، بچوں، اقلیتوں اور خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے معاشرے میں احترام، برداشت اور باہمی وقار کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ میں سول سوسائٹی، ریاستی ادارے اور بین الاقوامی شراکت دار اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

صدر مملکت نے اقوام متحدہ کو عالمی سطح پر انسانی حقوق کا دن منانے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ انسانی وقار، مساوات اور انصاف کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کو خوف، جبر اور امتیاز سے پاک زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کمزور طبقات کے تحفظ کی قومی کوششوں کو کامیاب کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے