سرگودھا (کیو این این ورلڈ/ملک شاہنوازجالپ)سرگودھا میں ڈویثرنل بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ عوام نوشتہ دیوار پڑھ لیں، اگلا وزیر اعظم بلاول بھٹو ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم حکومت کے ساتھ محبت میں نہیں بلکہ مجبوری میں ہیں، جبکہ ائیر کنڈیشنر کمروں میں بننے والی پالیسیوں سے عوام مایوس اور پریشان ہیں۔ سردار سلیم حیدر نے پیپلز پارٹی کو غریب اور کمزور کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پریشان عوام کے پاس پارٹی کے علاوہ کوئی متبادل نہیں۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی بجائے ملکی مفادات کو ترجیح دی ہے اور عوامی مسائل کے حل میں پیش پیش رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے خطاب میں پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سی سی ڈی کے ذریعے چھوٹے ڈاکوؤں کو مروایا جا رہا ہے، جبکہ بڑے ڈاکو بنک لوٹنے میں مصروف ہیں اور انہیں تحفظ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کسانوں اور کاشتکاروں کی حالت زار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ کینو یا آلو کی فصلیں سب تباہ ہو رہی ہیں، جس سے کسان و کاشتکار شدید پریشان ہیں۔

سابق وزیر مملکت تسنیم احمد قریشی نے کنونشن سے خطاب میں بتایا کہ 31 جنوری کو لاہور میں صوبے بھر کے بلدیاتی نمائندوں اور عہدیداران کے لیے صوبائی کنونشن منعقد کیا جائے گا۔ ڈویثرنل بلدیاتی کنونشن میں سرگودھا ڈویژن کے پارٹی عہدیداروں اور جیالوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے