سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ محمد یامین کی رپورٹ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی توسیعی نیلامی کے دوران سیالکوٹ کی نئی ٹیم تاریخ کی سب سے مہنگی فرنچائز بن گئی ہے، جسے اوزی ڈیولپرز نے قریباً 1 ارب 85 کروڑ روپے کی ریکارڈ بولی دے کر حاصل کر لیا ہے۔ پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں، حیدرآباد اور سیالکوٹ کی شمولیت کے لیے نیلامی کا عمل اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوا، جس میں علی ترین کے دستبردار ہونے کے بعد 9 مختلف پارٹیوں نے حصہ لیا۔ نیلامی کے دوران سخت مقابلے کے بعد مجموعی طور پر دونوں ٹیمیں 3 ارب 60 کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں، جس کے بعد پی ایس ایل میں شامل ٹیموں کی مجموعی تعداد اب 8 ہو گئی ہے۔

نیلامی کے عمل میں پہلے ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے میں پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم خریدی اور اس کے لیے حیدرآباد کے شہر کا انتخاب کیا۔ حیدرآباد ٹیم کے مالک فواد سرور نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسی شہر میں پلے بڑھے ہیں اور ان کی خواہش تھی کہ وہ اپنی ٹیم خرید کر ہی یہاں سے جائیں۔ دوسری جانب آٹھویں ٹیم کے لیے اوزی ڈیولپرز اور دیگر خریداروں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم اوزی ڈیولپرز نے 185 کروڑ روپے کی سب سے بڑی بولی دے کر سیالکوٹ کی فرنچائز اپنے نام کی۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک ہوگا اور اس اہم تقریب کو پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر نے براہِ راست نشر کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے