لاہور (کیو این این ورلڈ): ایکشن، تھرل اور ایڈونچر سے بھرپور پاکستانی فلم ‘بلھا’ نے ریلیز کے ابتدائی دو دنوں میں ہی شاندار بزنس کرتے ہوئے 2 کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد کما لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لیجنڈ اداکار شان شاہد کی اس فلم کو شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، اور پہلے ہی دن 25 ہزار سے زائد افراد نے سینما گھروں کا رخ کیا۔ فلم کی کہانی، ایکشن مناظر اور شان شاہد کی اداکاری کو خاص طور پر سراہا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر بھی فلم نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں پہلے دن فلم نے ایک لاکھ 10 ہزار درہم جبکہ دوسرے دن ایک لاکھ 20 ہزار درہم کا بزنس کیا، جو پاکستانی فلموں کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔
فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق ‘بلھا’ کی ابتدائی کامیابی اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستانی سنیما میں معیاری ایکشن فلموں کی مانگ موجود ہے، اور اگر یہی رجحان برقرار رہا تو فلم آئندہ دنوں میں مزید بہتر بزنس کر سکتی ہے۔