تہران (کیو این این ورلڈ) ایرانی پاسداران انقلاب کی بری فوج کے کمانڈر محمد کرامی نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ ایران کو اس وقت معاشی، سماجی اور سیاسی شعبوں سمیت کئی محاذوں پر ایک جامع اور ہائبرڈ جنگ کا سامنا ہے، تاہم دشمن کی جانب سے کی جانے والی کسی بھی غلطی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہائی الرٹ ہیں اور ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے خلاف کوئی بھی جارحانہ اقدام ہوا تو ایرانی افواج خاموش نہیں بیٹھیں گی اور بھرپور دفاعی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ ایران میں حالیہ حکومت مخالف مظاہروں اور ان کے خلاف کریک ڈاؤن پر امریکہ کی جانب سے سخت وارننگ دی گئی تھی، جس کے بعد خطے میں جنگ کے سائے گہرے ہو گئے تھے۔ تاہم، حالیہ سفارتی کوششوں کے بعد کشیدگی میں کمی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔ برطانوی اخبار "دی ٹیلی گراف” نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیجی ممالک کی کامیاب سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکی صدر نے ایران پر حملے کا فیصلہ تبدیل کر لیا ہے، جس سے فی الحال بڑے فوجی تصادم کا خطرہ ٹل گیا ہے۔