فیصل آباد: وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ ایک بار پھر زور دے کر دہرایا ہے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور پنجاب میں 3،3 نئے صوبے بننے چاہئیں، جس سے عوام کو براہِ راست فائدہ ہوگا۔ انہوں نے سندھ کے مجوزہ صوبوں کے نام وسطی سندھ، جنوبی سندھ اور شمالی سندھ تجویز کیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی 3،3 صوبے بنائے جا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق چھوٹے صوبے انتظامی کنٹرول کو بہتر اور مؤثر بناتے ہیں، اس لیے ملک میں مزید صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک میں چھوٹے انتظامی یونٹس موجود ہیں، اسی طرز پر پاکستان کو بھی اپنے صوبے بڑھانے چاہئیں۔
خطاب میں انہوں نے کہا کہ سپہ سالار کی قیادت میں پاک فوج نے بھارت کو عبرت ناک شکست دی اور استحکام پاکستان پارٹی ہمیشہ فوج کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ "جو فوج کا ساتھ دے گا، ہم اس کا ساتھ دیں گے۔”
وفاقی وزیر نے سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد پھیلانے والوں کو بھی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ بکواس کرنے والوں کا محاسبہ لازمی ہوگا۔