ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ،بلاول سموں کی رپورٹ)ٹھٹھہ کی ڈسٹرکٹ جیل میں چوری کے الزام میں قید ایک ملزم علی بخش مبینہ طور پر ہلاک ہو گیا ہے، جس کے بعد جیل حکام اور لواحقین کی جانب سے متضاد بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ جیل حکام کا موقف ہے کہ ملزم نے بیرک میں گلے میں ازار بند باندھ کر خودکشی کی اور اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا، جس کے بعد قانونی کارروائی مکمل کر کے متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام نے اس حوالے سے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کو موٹر سائیکل چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور ابتدائی شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یہ خودکشی کا واقعہ ہے، اس لیے پولیس پر لگائے جانے والے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔

دوسری جانب متوفی علی بخش کے ورثا نے جیل حکام کے دعوے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے پولیس اور جیل انتظامیہ پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ علی بخش خودکشی نہیں کر سکتا بلکہ وہ پولیس کے وحشیانہ تشدد کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے، جس پر پردہ ڈالنے کے لیے اسے خودکشی کا رنگ دیا جا رہا ہے۔ ورثا نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے اور تشدد میں ملوث ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے