ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ/بلاول سموں کی رپورٹ)ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج طارق رزاق خان دھاریجو کی ہدایات پر ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی کے احکامات کے تحت ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ تھانہ گھارو، جھرک، کینجھر، جھمپیر، ٹھٹھہ اور گھوڑاباڑی پولیس نے مختلف مقامات پر پیشہ ورانہ کارروائیاں کرتے ہوئے 5 گٹکا فروش ملزمان ایاز ولد اللہ بخش، عرس عرف کوڈو، معشوق، فاروق اور امام بخش ملاح سمیت 3 منشیات فروشوں محمد امین، سہیل اور محبوب علی عرف کوسو کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 1200 پڑیاں گٹکا ماوا، 35 بیگز دیسی شراب اور 110 گرام چرس برآمد کر کے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں منشیات آرڈیننس اور گٹکا ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔
ضلعی پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے جاری خصوصی مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد ساحلی ضلع کے نوجوانوں کو ان سماجی برائیوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر کارندوں تک بھی رسائی حاصل کی جا سکے، جبکہ ایس ایس پی ٹھٹھہ نے واضح کیا ہے کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور غیر قانونی سرگرمیوں کے سدباب کے لیے پولیس کی جانب سے زیرو ٹولرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں مزید شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔