ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کی جانب سے سرکاری زمینوں کی واگزاری اور تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے باوجود گھارو میں لینڈ مافیا بے لگام ہو چکا ہے، جہاں سرکاری اراضی پر قبضے اور غیرقانونی ہاؤسنگ اسکیموں کی تعمیر کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ محکمہ ریونیو نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے "ماڈرن سٹی” نامی ہاؤسنگ اسکیم کو غیرقانونی قرار دے کر نوٹس جاری کر دیے ہیں اور متعلقہ بلڈرز سے 100 ایکڑ زمین کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بااثر بلڈرز نے اپنے سیاسی اور انتظامی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے کارروائی کو عارضی طور پر رکوا دیا ہے، تاہم محکمہ ریونیو کے حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر کسی بھی وقت آپریشن عمل میں لایا جا سکتا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسی غیرقانونی اسکیموں میں سرمایہ کاری سے قبل پلاٹوں کی مکمل تصدیق کر لیں تاکہ ان کی عمر بھر کی جمع پونجی ضائع نہ ہو۔ دوسری جانب متاثرہ افراد اور شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ اور اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری زمین پر جاری غیرقانونی تعمیراتی کام کو فی الفور بند کرایا جائے اور زمینوں پر قبضہ کرنے والے لینڈ گریبرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری زمینوں کو واگزار نہ کرایا گیا تو لینڈ مافیا کے حوصلے مزید بلند ہوں گے، جو کہ علاقے کی ترقی اور قانون کی بالادستی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔