ٹھٹھہ ( کیو این این ورلڈ،ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) درگاہ امیر شاہ جیلانی کے قریب ہالیجی جھیل کے علاقے گاؤں حاجی میر بحر میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے دو کچے مکانات مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئے۔ آتشزدگی کا یہ المناک واقعہ مزدور ممتاز میر بحر اور اس کے بھائیوں کے گھروں میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں گھروں میں موجود بستر، سردیوں کے کپڑے، جمع شدہ راشن اور روزمرہ استعمال کا تمام قیمتی سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ انہیں اپنا سامان بچانے کا موقع تک نہ مل سکا اور ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی پل بھر میں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی۔

واقعے کو چوبیس گھنٹے گزر جانے کے باوجود اب تک کسی سرکاری سطح یا فلاحی ادارے کی جانب سے متاثرین کی بحالی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، جس کے باعث متاثرہ خاندان اس شدید سردی کے موسم میں اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار رہنے پر مجبور ہیں۔ متاثرہ مزدوروں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دہائی دی ہے کہ وہ غریب محنت کش ہیں اور ان کے کچے گھر ہی ان کا واحد سہارا تھے جو اب چھن چکے ہیں۔ انہوں نے منتخب نمائندوں، ضلعی انتظامیہ اور مخیر حضرات سے فوری مالی امداد اور خیموں کی فراہمی کی اپیل کی ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کو سردی کی شدت اور بیماریوں سے محفوظ رکھ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے