ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے عوامی ریلیف کے لیے اپنے دفتر میں "اوپن ڈور پالیسی” کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت وہ روزانہ کی بنیاد پر شہریوں سے براہِ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل سن رہے ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں زمین، ریونیو، صحت، تعلیم اور بلدیاتی امور سمیت دیگر محکموں سے متعلق اپنی انفرادی و اجتماعی شکایات پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے شہریوں کی بپتا بغور سنی اور موقع پر موجود متعلقہ افسران کو سخت ہدایات جاری کیں کہ ان شکایات کا فوری، شفاف اور قانون کے مطابق ازالہ یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت ضلعی انتظامیہ کا اولین مشن ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور کسی بھی شہری کو بلاوجہ دفاتر کے چکر نہ لگوائے جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اوپن ڈور پالیسی کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان حائل فاصلوں کو ختم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو دہلیز پر انصاف اور ریلیف مل سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ وہ خود عوامی شکایات کے ازالے کی نگرانی کر رہے ہیں اور ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے