ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ/بلاول سموں کی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی نے سول ہسپتال مکلی کا تفصیلی دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی بلاک، او پی ڈی، نو تعمیر شدہ ڈائگنوسٹک سینٹر، کارڈیو وارڈ، میڈیکل اسٹور، فیمیل وارڈ، حفاظتی ٹیکہ جات مرکز اور ملیریا سینٹر سمیت دیگر تمام اہم شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں موجود عملے کی حاضری اور صفائی کے انتظامات کو چیک کیا۔

ڈپٹی کمشنر سرمد علی نے ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کیں۔ مریضوں اور تیمارداروں نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور اسے مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ادویات کی مکمل دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو فوری اور مؤثر طبی امداد فراہم کی جائے کیونکہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے