ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی کی زیر صدارت ایس ایس پی آفس میں ضلع بھر کے پولیس افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، انچارج سی آئی اے اور دیگر برانچز کے سربراہان نے شرکت کی۔ ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی نے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی حیدرآباد کے احکامات کی روشنی میں ہدایات جاری کیں کہ ضلع بھر میں سنگین جرائم، اشتہاری اور روپوش ملزمان کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تمام گرفتار ملزمان کا ریکارڈ (CRO) بروقت مکمل کیا جائے۔

اجلاس کے دوران منشیات کے خاتمے پر خصوصی زور دیتے ہوئے ایس ایس پی نے ہدایت کی کہ اسپیشل برانچ کی مرتب کردہ فہرستوں کی روشنی میں تمام کیٹیگریز کے منشیات فروشوں کے خلاف مربوط حکمت عملی کے تحت کریک ڈاؤن کیا جائے۔ خاص طور پر تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے پولیس پیٹرولنگ اور پکٹنگ کے نظام کو مزید فعال بنانے اور دورانِ ڈیوٹی اسٹاف کو ہائی الرٹ رہنے کی تاکید کی۔ اس کے علاوہ تمام تھانوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز کو روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

ایس ایس پی ٹھٹھہ نے پولیس افسران کو سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تھانوں میں نظم و ضبط اور صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا جائے گا، جبکہ فرائض میں غفلت یا ناقص کارکردگی برتنے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع ٹھٹھہ کو جرائم سے پاک کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے