تھرپارکر (کیو این این ورلڈ) تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی کے سول ہسپتال میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران غذائی قلت اور مختلف وبائی امراض کے باعث 45 معصوم بچے دم توڑ گئے ہیں جبکہ 75 بچے تاحال زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ ایم ایس سول ہسپتال مٹھی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 بچے جاں بحق ہوئے جن کی عمریں ایک سال سے کم تھیں۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں جاری شدید سردی اور غذائی قلت کے باعث یہ بچے پیدائشی طور پر کم وزن اور مختلف پیچیدہ بیماریوں کا شکار تھے جو دوران علاج جانبر نہ ہو سکے۔
ایم ایس مٹھی ہسپتال نے صورتحال کی سنگینی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ بچوں کے وارڈ میں گنجائش صرف 70 بچوں کی ہے جبکہ اس وقت سردی اور دیگر امراض میں مبتلا 76 بچے زیر علاج ہیں، جس کے باعث وارڈ میں گنجائش سے زائد مریض موجود ہیں۔ دوسری جانب زیر علاج بچوں کے والدین نے ہسپتال انتظامیہ کے دعوؤں کے برعکس طبی سہولیات کے فقدان کا شکوہ کیا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں ضروری طبی سہولیات اور ادویات کی شدید کمی کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے معصوم جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔