کابل(ویب ڈیسک)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں افغان طالبان کی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ عبد الحق واثق کے معاون مولوی نعمان ہلاک ہو گئے ہیں۔ افغان میڈیا نے مقامی ذرائع کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ یہ واقعہ جمعے کے روز کابل کے علاقے بوٹخاک میں مولوی نعمان کے گھر کے اندر پیش آیا، جہاں دھماکے کی شدت کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کا بیٹا شدید زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے حوالے سے تاحال افغان طالبان کے حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی دھماکے کی حتمی وجوہات کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ تاہم ابتدائی طور پر یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دھماکہ گیس سلنڈر میں نصب بارودی مواد کے پھٹنے کی وجہ سے ہوا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ کوئی حادثہ تھا یا باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا حملہ۔