راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں چترال کے علاقے میں پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی ایک اہم چوکی کو تباہ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج نے سرحدی علاقے چترال کے قریب افغان طالبان کی قائم بادانی پوسٹ کو چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پوسٹ کو مختلف زمینی ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ جدید کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث اس تنصیب کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے بلا اشتعال جارحیت کے بعد انہیں ہر محاذ پر بھرپور پسپائی کا سامنا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ آپریشن غضب للحق اپنے تمام اہداف کے حصول تک جاری رہے گا اور ملکی سرحدوں کے تحفظ کیلئے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔