کولمبو (کیو این این ورلڈ) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے فہیم اشرف کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا، تاہم 27 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کی مشکلات اس وقت بڑھ گئیں جب کپتان سلمان علی آغا 12، صاحبزادہ فرحان 46 اور عثمان خان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے سلسلے میں بابر اعظم، محمد نواز اور شاداب خان بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پاکستانی ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہو گئی۔ ایک مرحلے پر جب سات وکٹیں گر چکی تھیں، فہیم اشرف نے مردِ آہن کا کردار ادا کیا اور محض 9 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو ورلڈکپ کے پہلے میچ میں یادگار فتح دلا دی۔
قبل ازیں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ نیدرلینڈز کے اوپنرز مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم میکس اوڈووڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کا شکار بنے۔ نیدرلینڈز کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 اور باس ڈی لیڈ 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ڈچ ٹیم ایک موقع پر بڑے اسکور کی جانب بڑھ رہی تھی لیکن پاکستانی بولرز نے آخری اوورز میں شاندار کم بیک کیا اور نیدرلینڈز کی آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز کے اندر گرا کر پوری ٹیم کو 147 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 جبکہ صائم ایوب، ابرار احمد اور محمد نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔